آپ کو دبئی کے شیخ راشد المکتوم کی بیٹی شیخہ مہرہ تو یاد ہوں گی جنھوں نے دو ماہ قبل اپنے شوہر کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے طلاق دی تھی؟تو اب شہرادی مہرہ نے اپنا ایک پرفیوم متعارف کروایا ہے جسے ’ڈائیورس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اُن کے بزنس برانڈ ’مہرہ ایم ون‘ کے تحت متعارف کروائے گئے اِس پرفیوم میں اُن کی حالیہ طلاق کا حوالہ شامل ہے۔
شہزادی مہرہ اُس وقت سوشل میڈیا صارفین کی نظروں میں آئی تھیں جب جولائی 2024 میں اُن کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے مختصر الفاظ میں اپنے تعلق کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ ’میں طلاق دینے کا اعلان کر رہی ہوں۔‘شیخ مکتوم متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم ہیں اور دنیا میں گھڑ سواری اور گھوڑوں کی دوڑوں میں ایک بڑا نام رکھتے ہیں۔ شیخ مکتوم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی مختلف بیویوں میں سے 23 بچے ہیں جن میں شہزادی مہرہ بھی شامل ہیں۔،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM/HHSHMAHRA
’یہ 2024 ہے، اس زمانے کی عورتیں روتی نہیں بلکہ نئے کاروبار لانچ کرتی ہیں‘
سوشل میڈیا پر بیشتر خواتین ’ڈائیورس‘ نامی پرفیوم کے مارکیٹ میں آنے کی خبر پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہی ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ ’ریویج (یعنی بدلہ) بھی بڑا اچھا نام ہو سکتا تھا، لیکن مجھے ’ڈائیورس‘ زیادہ پسند آیا۔‘ایک اور خاتون نے مہرہ کی پوسٹ کے نیچے لکھا کہ ’یہ 2024 ہے اور اس زمانے کی عورتیں روتی نہیں بلکہ نئے کاروبار لانچ کرتی ہیں اور منافع کماتی ہیں۔‘لندن سے قیا نامی خاتون نے لکھا ہے ’میں جانتی ہوں کہ اس پرفیوم کی لانچ کے پیچھے تکلیف اور کسی سے بچھڑنے کا درد ہے، لیکن کاروباری نقطہ نظر سے آپ نے بہت ذہین کام کیا ہے۔‘،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM/HHSHMAHRAدبئی سے شمیمیتہ النقبی نامی خاتون نے لکھا ’بہترین وقت پر بہترین خوشبو۔۔۔ شہزادی آپ نے مجھے اپنی ہمت اور حوصلے سے بہت متاثر کیا ہے۔‘تاہم کچھ خواتین شہزادی مہرہ سے اتفاق نہیں کرتیں اور ایسی ہی ایک صارف نے لکھا کہ ’میں پیرس سے ہوں جو خوشبوؤں اور نفاست کا شہر ہے اور طلاق پرفیوم کا نفاست سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔‘وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’طلاق ایک مسئلہ ہے تو آپ کیوں چاہیں گے کہ کسی کی طلاق ہو جائے اور آپ کیوں ایک ایسی چیز کی تشہیر کر رہی ہیں جس نے آپ کا دل توڑا ہے، آپ کو اور آپ کے خاندان کو تکلیف پہنچائی ہے؟‘،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM/HHSHMAHRAیاد رہے کہ شہزادی مہرہ کے انسٹاگرام پر موجود پوسٹ میں درج تحریر کا آغاز ان الفاظ سے ہوا تھا ’پیارے شوہر میں تمھیں طلاق دیتی ہوں، میں تمھیں طلاق دیتی ہوں اور میں تمھیں طلاق دیتی ہوں۔‘بظاہر اس پوسٹ میں اسلامی روایات کے مطابق تین بار طلاق دی گئی تھی۔،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM/HHSHMAHRA’ٹرپل طلاق‘ کے رجحان پر دنیا میں کئی ممالک سرکاری طور پر پابندی لگا چکے ہیں لیکن عام طور پر اس کے تحت شوہر اپنی بیوی کو تین بار طلاق دینے کا کہہ کر رشتہ ختم کر سکتے ہیں۔شہزادی کے انسٹاگرام پر موجود پوسٹ میں آخر میں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ’اپنا خیال رکھنا، تمھاری سابقہ اہلیہ۔‘شہزادی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ان کے شوہر کی تمام تصاویر ہٹائی جا چکی ہیں۔ دوسری جانب ان کے شوہر کے پروفائل پر بھی شہزادی کی تصاویر موجود نہیں تھیں اور ان کو بظاہر ڈیلیٹ کیا جا چکا ہے۔بی بی سی نے جولائی 2024 میں متحدہ عرب امارات میں حکام سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا تاہم اب تک شہزادی کے شوہر شیخ منا بن محمد بن راشد بن منا المکتوم یا خود شہزادی کے والد اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے عوامی سطح پر کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا گیا۔شہزادی مہرہ کی شادی اپریل 2023 میں ہی کافی دھوم دھام سے منعقد ہوئی تھی اور طلاق سے صرف دو ماہ قبل ان کی پہلی اولاد پیدا ہوئی تھی۔شیخہ مہرہ بنت محمد بن راشد المکتوم کی عمر 30 سال ہے اور وہ فروری 1994 میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی پرورش متحدہ عرب امارات میں ہی ہوئی اور ان کی والدہ یونانی شہریت بھی رکھتی ہیں جبکہ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق شہزادی مہرہ عربی اور یونانی دونوں زبانیں بول سکتی ہیں۔شیخہ مہرہ نے برطانیہ کی یونیورسٹی سے انٹرنیشل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔شیخہ مہرہ خواتین کی خودمختاری کے لیے بھی آواز اٹھاتی رہتی ہیں اور اپنے انسٹاگرام پر وہ اکثر اماراتی برینڈز کی تشہیر کرتی ہیں اور اہم تقاریب میں بھی مقامی ڈیزائنرز کے ہی تیار کردہ ملبوسات پہنتی ہیں۔شیخہ مہرہ کے اکاؤنٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ جانوروں خاص طور پر گھوڑوں سے محبت کرتی ہیں۔
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.