بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شیخوپورہ: 8 افراد کے قتل میں پولیس کی غفلت ثابت، ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار گرفتار، مقدمہ درج

شیخوپورہ کے علاقے نارنگ منڈی میں 8 افراد کے قتل پر پولیس کی غفلت ثابت ہو گئی۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کے حکم پر ایس ایچ او سمیت 5 اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مبینہ طور پر مخبوط الحواس ملزم کے خلاف پولیس کے پاس 2 درخواستیں آئیں لیکن مقامی پولیس نے کارروائی نہ کی۔

شیخوپورہ کے علاقہ نارنگ منڈی میں پولیس کی غفلت 8 انسانوں کی جان لے گئی، آر پی او کی انکوائری رپورٹ نے غفلت کی تصدیق کردی۔

ملزم فیض رسول نے 8 افراد کے قتل سے 2 روز قبل والدہ، بہن اور مقامی اسکول کے پرنسپل کو زخمی کیا تھا۔

مقامی لوگوں نے ملزم کو پکڑ کر نارنگ پولیس کو اطلاع دی مگر پولیس نے 2 تحریری درخواستوں کے باوجود اس کےخلاف کاروائی نہیں کی۔

تھانہ نارنگ کے عملے کی سنگین غفلت پر ایس ایچ او نارنگ انسپکٹر عبد الوہاب، اے ایس آئی محمد لطیف، مشتاق احمد، محمد رفیع اور محرر عمار الحسن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملزم فیض رسول نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مختلف مقامات پر سوئے ہوئے 8 افراد کو قتل کردیا تھا، ملزم کو کانسٹیبل ظفر اقبال نے خون آلود کپڑے ہاتھ میں کلہاڑی اور راڈ دیکھ کر گرفتار کیا تھا۔

ملزم فیض رسول نے میٹرک کے امتحان میں اپنے اسکول میں ٹاپ کیا تھا۔

شیخوپورہ کے نواحی علاقے میں 8 افراد کے قتل کی خبر ملنے پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے لندن سے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار سے رابطہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گرفتار ملزم کے خلاف 2 روز قبل شہریوں کو زخمی کرنے پر کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیراعلی کو واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ ملزم فیض نے تیز دھار آلے اور آہنی راڈ سے سڑکوں اور کھیتوں میں سوئے ہوئے 8 افراد کو قتل کیا۔

ملزم کا ذہنی مرض جانچنے کے لیے میڈیکل معائنہ کرایا جا رہا ہے،جس نے 2 روز قبل بھی 2 شہریوں کو زخمی کیا تھا لیکن اطلاع کے باوجود پولیس نے کارروائی نہ کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.