پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عالم اسلام کے نڈر لیڈر تھے۔
شاہد مجید ایڈووکیٹ نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان کے بلکہ عالم اسلام اور دنیا کے ایک بڑے سیاستدان تھے اور وہ عالمی سطح کے رہنما تھے جن کا پاکستان سمیت دنیا بھر کی سیاست میں ایک اہم کردار تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت کے لیے خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، بھٹو شہید کو عالمی سامراجی قوتوں نے سازش کر کے اپنے ایجنٹ اور اس کے حواریوں کے ذریعے عدالتی قتل کا آلہ استمال کرتے ہوئے شہید کیا۔
شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھٹو شہید کی نڈر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سیاست سے پراسرار طاقتیں بے نقاب ہورہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا متفقہ آئین اور ناقابل تسخیر دفاع شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ولولہ انگیز وژن کا مرہون منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے پاکستانی عوام کی امنگوں کی بہترین انداز میں ترجمانی کی، وہ عظیم ذہانت، ہمت، بہادری اور ولولہ انگیز شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے ہمیشہ غریب اور متوسط طبقات کے حقوق کی بات کی۔
اس کے علاوہ شاہد مجید ایڈووکیٹ نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پیغام اور پاکستانی عوام کے لیے ان کی عقیدت یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اج کے سیاستدانوں کو جمہوری، سیاسی اور سماجی طور پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے منصفانہ اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید بھٹو کی طرف سے دیے گئے آئین پاکستان میں درج سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.