شہزادی کیتھرین کے مطابق ’میری میڈیکل ٹیم نے مجھے مشورہ دیا کہ مجھے کیموتھراپی کرانی چاہیے اور میں اب اس علاج کے ابتدائی مراحل میں ہوں۔‘اپنے پیغام میں شہزادی نے مزید کہا کہ ’وہ اس دوران ان تمام لوگوں کے بارے میں سوچ رہی تھیں جنھیں کینسر ہوا۔‘انھوں نے کہا کہ ’جو بھی کسی بیماری کا سامنا کر رہا ہے، وہ برائے مہربانی امید اور یقین کو نہ چھوڑیں۔ آپ اکیلے نہیں۔‘شہزادی کیتھرین کے مطابق جنوری میں ان کی سرجری سے صحت یاب ہونے میں وقت لگا تھا اور اپنے خاندان کو تسلی دینا ان کی ترجیح تھی۔ انھوں نے کہا کہ ’ولیم اور میں اپنے خاندان کی خاطر اس سارے معاملے کو نجی طور پر سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘شہزادی نے مزید کہا کہ ’ہمیں جارج، شارلٹ اور لوئس کو اس بارے میں مناسب انداز میں بتانے اور اس بارے میں یقین دلانے میں وقت لگا کہ میں ٹھیک ہو جاؤں گی۔‘انھوں نے کہا کہ ’فیملی کو اب کچھ وقت اور پرائیویسی چاہیے۔‘توقع کی جا رہی ہے کہ شہزادی کیتھرین اور شہزادہ ولیم ایسٹر کے موقع پر اب شاہی خاندان کے ساتھ نظر نہیں آئیں گے اور شہزادی اپنی سرکاری ذمہ داریوں کے لیے بھی جلدی واپس نہیں آئیں گی۔کینسنگٹن پیلس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فروری میں ایک یادگاری تقریب سے شہزادہ ولیم کی اچانک غیر حاضری کی وجہ شہزادی کیتھرین میں کینسر کی تشخیص تھی۔ جنوری میں شہزادی کے آپریشن کے بعد سے اس جوڑے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ واضح رہے کہ شہزادی کیتھرین کرسمس کے موقع سے کسی بھی سرکاری ایونٹ میں شریک نہیں ہوئیں۔اپنی ویڈیو میں شہزادی کیتھرین نے اپنے خاندان کی سپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ولیم کا میرے ساتھ ہونا میرے لیے سکون اور تسلی کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔‘انھوں نے مزید کہا کہ ’آپ میں سے بہت سے لوگوں نے محبت، تعاون اور مہربانی کا مظاہرہ کیا۔ یہ ہم دونوں کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔‘کینسنگٹن پیلس نے کہا ہے کہ شہزادی کی ویڈیو کو بدھ کے روز بی بی سی سٹوڈیوز نے فلمایا تھا۔اپنے بیان میں بی بی سی نیوز نے کہا ہے کہ ’بی بی سی نیوز کو دیگر میڈیا کے ساتھ آج سہ پہر کینسنگٹن پیلس نے اس اعلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔‘
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.