منگل24؍جمادی الثانی 1444ھ17؍جنوری2023ء

شہزادہ ہیری کے حالیہ بیان کے بعد میگھن مارکل ایک بار پھر تنقید کا شکار

برطانوی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری کے حالیہ بیان کے بعد ان کی اہلیہ میگھن مارکل ایک بار پھر تنقید کا شکار ہوگئی ہیں۔

برطانوی میڈیا کا میگھن مارکل پر تنقید کرتے ہوئے یہ مؤقف ہے کہ ڈچز آف سسیکس برطانیہ میں بادشاہت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

اس حوالے سے شاہی مصنف ٹام بوئر کا کہنا ہے کہ لگتا ہے اپنے فائدے کے لیے دوسروں کی کمزوریاں تلاش کرنا میگھن کی خاصیت ہے۔ 

اُنہوں نے میگھن مارکل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح میگھن نے اپنے والد اور اپنے خاندان اور بہت سے دوستوں کی تذلیل کی، لگتا ہے کہ وہ شہزادہ ہیری کے خاندان کے ساتھ بھی یہی سب کچھ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ نے شہزادہ ہیری کے حالیہ بیان کے بعد میگھن مارکل پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے ایک ایسی شخصیت جس نے گندگی کی حدوں کو پار کرتے ہوئے امریکی ٹیلی ویژن کی دنیا میں کامیابی حاصل کی، وہ اب شاہ چارلس سوم کی کمزوری تلاش کرنے کی کو شش کر رہی ہے لیکن شاہ چارلس نے اپنی مثبت سوچ سے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کی کتاب ’اسپیئر‘ کے کچھ اقتباسات اشاعت سے قبل منظر عام پر آنے کے بعد سے شہزادہ ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مارکل اور برطانوی شاہی خاندان خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب کی اشاعت سے ایک روز قبل اپنے ایک انٹرویو کے دوران شاہی خاندان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان کی اہلیہ میگھن مارکل سے معافی مانگیں۔

 شہزادہ ہیری نے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’آپ جانتے ہو آپ نے کیا کیا اور اب میں بھی جانتا ہوں کہ آپ نے یہ کیوں کیا؟ آپ کی حقیقت سامنے آگئی، لہٰذا آپ اپنا کِیا درست کریں۔‘

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.