پرنس فلپ کی موت پر عالمی رہنماؤں کے تعزیتی پیغامات
عالمی رہنماؤں کی طرف سے شہزادہ فلپ کی موت پر شاہی خاندان کو تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور یہ رہنما ڈیوک آف ایڈنبرا سے متعلق اپنی یادداشتیں شیئر کر رہے ہیں۔
بکنگھم پیلس نے اعلان کیا ہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے شوہر پرنس فلپ 99 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔
ڈیوک سینکڑوں غیر ملکی دوروں کے دوران ملکہ الزبتھ کے ساتھ رہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں شہزادہ فلپ کی وفات پر تعزیت کی اور انھیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے ذہین شخصیت کھوئی ہے جن میں عوامی خدمت کرنے کا اچھوتا جذبہ موجود تھا۔
’پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘
آسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ مورسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے ایک ایسی نسل کو پروان چڑھایا ہے جو ہم پھر کبھی نہیں دیکھ پائیں گے۔ ملک کے سابق رہنما جولیا گلارڈ نے کہا ہے کہ ڈیوک ایک فرض شناس اور حس مزاح رکھنے والی شخصیت کے مالک تھے۔
بلجیئم کے کنگ فلپ نے ملکہ کو ایک نجی پیغام بھیجا ہے اور کہا ہے کہ جب ممکن ہو گا وہ ان سے ملاقات کریں گے۔
مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ وہ پرنس فلپ کی موت پر سوگوار ہیں، جنھوں نے مالٹا کو اپنا گھر بنا رکھا تھا اور وہ اکثر یہاں واپس آتے تھے۔ ہمارے لوگ ہمیشہ ان کی یاد کو قیمتی اثاثہ سمجھیں گے۔
لتھوینیا کے صدر گِٹانس نوسیدا نے ملکہ کو اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ انتہائی افسوس کی ان گھڑیوں میرے جذبات اور دعائیں آپ اور برطانیہ کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔
Comments are closed.