شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور 28 مئی یوم تکبیر کی 25 ویں سالگرہ کےحوالے سے فرانس کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع پیرس میں منعقد ہوا۔
اجتماع میں راجہ علی اصغر، سردار ظہور اقبال، حاجی نثار احمد، چوہدری افضل لنگا، چوہدری نوید پکھوال، چوہدری نعیم اختر اور محترمہ روحی بانو شریک تھے۔
ان رہنماؤں کے تعاون اور کوشش سے پیرس میں مقیم پاکستانی اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔
بعدازاں مقررین نے شہدائے پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور 28 مئی یوم تکبیر کی 25ویں سالگرہ کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کشمیری رہنما چوہدری نعیم اختر نے ادا کئے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض ہے، شہدا ہمارا فخر اور ہیرو ہیں، آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
دیگر مقررین نے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 مئی 2023 کو وطن عزیز میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ فرانس کے چیئر مین راجہ علی اصغر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبد القدیر خان اور نواز شریف کی خدمات کو سراہا، جس کی بدولت پاکستان ایک ایٹمی طاقت بنا۔
انہوں نے کہا شہداء کی قربانیاں لازوال ہیں جو ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔ پاکستان کے دشمنوں کے مذموم پروپیگنڈا کے باوجود شہداء کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔
مقررین میں سردار ظہور اقبال، خان یوسف خان، حاجی محمد اسلم، حاجی نثار احمد، قاضی عامر، محترمہ روحی بانو، ساجد گورسی، چوہدری ساجد ویروال، مرزا عتیق الرحمٰن اور عمر دراز برہان شامل تھے۔ قاری فاروق احمد فاروقی نے دعا کرائی۔
تقریب کے آخر میں یوم تکبیر کی 25 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ بعدازاں شرکا کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
Comments are closed.