وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گے، ساری قوم رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر متحد ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم جب متحد ہوجائے تو بڑی سے بڑی مشکل اور چیلنج میں کامیاب ہو جاتی ہے، ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم، کابینہ اور عوام شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہداء نے اپنے خون کے ساتھ پاکستان کی ایک ایک انچ دھرتی کو محفوظ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سندھ کے بعد بلوچستان سیلاب سے تباہ حال ہے، تین کروڑ سے زیادہ پاکستانی اس وقت سیلاب کی زد میں ہیں، آج بھی پاکستان کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے، سیلاب سے پورے ملک میں تباہی ہوئی، لسبیلہ میں ہمارے افسر و جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ غذر میں ایک خاندان کے 8 افراد ریلے کی نذر ہوگئے، کل قمبر شہداد کوٹ گیا، دریائے سندھ سمندر کا منظر پیش کررہا تھا، سندھ میں کئی گاؤں پانی میں ڈوب چکے اور لاکھوں گھر تباہ ہوچکے ہیں۔
Comments are closed.