بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شہباز گِل کا جسمانی ریمانڈ، سماعت ساڑھے 12بجے تک ملتوی

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے افواجِ پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کے حوالے سے سماعت ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کر دی۔

شہباز گِل کا 48 گھنٹے کا جسمانی ریمانڈ آج شروع ہو گا یا نہیں؟ اس بات کا فیصلہ آج ہی ہو گا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان شہباز گِل کی میڈیکل رپورٹ دیکھنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔

شہباز گِل کے وکیل فیصل چوہدری اور پی ٹی آئی کے وکیل بابراعوان ایف ایٹ کچہری اسلام آباد میں پیش ہوئے۔

فیصل چوہدری نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز گِل کے حوالے سے ہائی کورٹ میں بھی کیس ہے، شہباز گِل کا کیس کچہری میں 1 بجے رکھ لیا جائے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اگر شہباز گِل کو سیشن عدالت میں کسی وقت پیش کر دیا تو ہم اس کیس میں عدالت کے روبرو نہیں آ پائیں گے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے کہا کہ مجھے ابھی کیس کا کچھ معلوم نہیں، انتظار کر لیں، ملزم کے آنے کا پتہ کروا لیتے ہیں۔

عدالت نے شہباز گِل کو ساڑھے 12 بجے تک پیش کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر اگر آ جاتے تو ان کو بھی آگاہ کر دیتے۔

اس کے بعد عدالت نے سماعت ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب پمز اسپتال سے شہباز گِل کو سیشن کورٹ لے جانے کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، جس کے لیے ڈبل کیبن گاڑی پمز کے کارڈک سینٹر کے پچھلے گیٹ پر پہنچا دی گئی ہے۔

پمز کے کارڈک سینٹر کے مرکزی دروازے پر سیکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جہاں پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکار موجود ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.