پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل مسلسل سانس کی تکلیف کی شکایت کر رہے ہیں، میڈیکل بورڈ نے اُن کا ایک اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پمز اسپتال کے ذرائع کے مطابق سانس کی تکلیف اور پھیپھڑوں کے مکمل چیک اپ کے لیے ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیکل بورڈ نے شہباز گِل کی سی ٹی پلمونری اینجیوگرافی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب شہباز گِل پر تشدد الزامات سے متعلق پولیس انکوائری شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ہے جس میں تفتیشی ٹیم سمیت اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ شہباز گِل کی خوراک سے متعلق بھی مکمل نگرانی کی جائے گی، پولیس نے تشدد الزامات پر بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیے ہیں۔
پولیس نے شہباز گِل معاملے پر ڈاکٹرز کے بیان بھی لے لیے ہیں، ذرائع کے مطابق تشدد سے متعلق انکوائری کی نگرانی آئی جی اسلام آباد کر رہے ہیں۔
تفتیشی ٹیم کی جانب سے حکام کو عدالتی کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی کو تشدد سے متعلق انکوائری رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔
Comments are closed.