اسلام آباد میں شہباز گل کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران ملنے والا سیٹلائٹ فون فارنزک کیلئے بھجوادیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فارنزک کیلئے بھجوائے گئے فون کا ڈیٹا اور کال ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت ملنے والا سیٹلائٹ فون بظاہر اِن ایکٹو لگتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فارنزک کی جامع رپورٹ آنے کے بعد مزید تحقیقات کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ پیر کی شب ایس ایس پی کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے زیر استعمال کمرہ نمبر ایف 206 پر چھاپہ مارا تھا۔
اس موقع پر پولیس کے ہمراہ شہباز گل بھی موجود تھے، انہیں ہتھکڑیوں میں لایا گیا تھا۔
شہباز گل کی نشاندہی پر پولیس ان کے کمرے میں گئی اور تلاشی لی، اس دوران وہاں سے متعدد چیزیں برآمد ہوئی تھیں۔
کمرے سے برآمد ہونے والی چیزوں میں ایک ریوالور بھی شامل تھا جس کے متعلق شہباز گل کا کہنا تھا کہ انہیں اس کے متعلق علم نہیں اور انہوں نے یہ ریوالور کبھی نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اے کے 47 رائفل ہے، جس کا لائسنس ہے۔
اس کے علاوہ شہباز گل کےکمرے سے موبائل فونز اور ایک سیٹلائٹ فون بھی برآمد ہوا اور یو ایس بی بھی ملی تھی۔
کمرے سے شہباز گل کا پرس بھی ملا جس میں 2 شناختی کارڈ سمیت مختلف کارڈ برآمد ہوئے تھے، 2 پاسپورٹس بھی ملے، کمرے میں موجود الماری مہنگےکپڑوں سے بھری ہوئی تھی۔
Comments are closed.