پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت کیس میں پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے دلائل مکمل کرلیے، فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بغاوت واضح طور پر کی گئی ہے، ملزم شہباز گل کے الفاظ کسی بھی طرح قابل معافی نہیں ہے۔
اسلام آباد کی عدالت میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاک آرمی کے افسران کے خلاف منظم طریقے سے ملزم نے بات کی، اس کے الفاظ نے پاک فوج میں بغاوت کی کوشش کی، شہباز گل نے پاک فوج کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش کی۔
پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے بیان سے سپاہی سے بریگیڈیئر رینک تک افسران کے جذبات مجروح ہوئے، بغاوت پر اکسانے کی کوشش کرنا بھی بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، افسران کو حکم نہ ماننے کا کہنا ادارے میں بغاوت کی کوشش تھی۔
رضوان عباسی نے کہا کہ ایف آئی آر کا مواد تمام امور کو دیکھ کر لکھا گیا، ملزم شہباز گل کے الفاظ کسی بھی طرح قابل معافی نہیں، ثبوت اتنے واضح ہیں کہ مزید کسی بات کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ تشدد کے الزامات کی تصدیق کروائی گئی، میڈیکل بورڈ نے تشدد کے الزامات کو رد کیا، میڈیکل بورڈ نے ملزم کی خواہش پر ہر بار میڈیکل کروایا۔
کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد شہباز گل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے عدالت نے سماعت کل گیارہ بجے تک ملتوی کردی۔
Comments are closed.