سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف عدالت کو بدعنوانی کے مقدموں میں مطلوب ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف عدالت میں پیش ہونے کے بجائے اسلام آباد میں مٹر گشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ کوئی عام آدمی ہوتا اب تک ضمانت منسوخ ہو چکی ہوتی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک قانون کا اطلاق امیر اور غریب پر برابر نہیں ہوتا ہم قوم نہیں بن سکتے۔
خیال رہے کہ لاہور میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف 2 کیسز کی سماعت اسپیشل کورٹ سینٹرل اور احتساب عدالت میں آج ہورہی ہے، اسپیشل کورٹ سینٹرل میں شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی، جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔
اسپیشل کورٹ سینٹرل میں شہباز شریف کی جانب سے دائر حاضری معافی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث ایک روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
Comments are closed.