امریکہ: شوہر کو کیسے قتل کریں کی مصنفہ 27 سالہ شادی کے بعد اپنے ہی شوہر کو قتل کرنے کی مجرم قرار
جب افسانہ حقیقت بن جائے۔ تصور نے ترغیب کے طور پر کام کیا اور اس نے وہ کام بھی کروا لیا جن کا کبھی محض خیال ہی گزرا تھا۔
امریکہ کی ایک عدالت نے بدھ کے روز 71 سالہ مصنفہ نینسی کریمپٹن بروفی کو اپنے شوہر کے قتل کے جرم میں سزا سنائی ہے۔ نینسی پر جون سنہ 2018 میں اپنے شوہر کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اس معاملے میں جس ایک چیز کا سب سے زیادہ ذکر ہوا وہ ان کے بلاگ پر لکھی گئی ایک پوسٹ تھی۔ مصنفہ بروفی نے کچھ عرصہ قبل اپنے بلاگ میں ایک چونکا دینے والی بات لکھی تھی۔ ان کے اس بلاگ کا عنوان تھا – ‘How to Murder Your Husband’ یعنی اپنے شوہر کو کیسے قتل کریں۔
قتل نہیں کیا، بس لکھنے کی ترغیب کی تلاش تھی
اس بلاگ میں نینسی نے ان پانچ محرکات اور مناسب ہتھیاروں کے بارے میں لکھا ہے جو قتل میں استعمال ہو سکتے ہیں۔
انھوں نے لکھا تھا کہ اگر ان کے رومانوی ناولوں میں کسی ایک کردار کو اگر اپنے شوہر کو قتل کرنا ہے تو اس کے پانچ محرکات کیا ہوں گے اور وہ کون سے ہتھیار ہوں گے جو قتل کے لیے بہترین ہوں گے۔
ریاست اوریگون میں پورٹلینڈ جیوری نے انھیں سیکنڈ ڈگری قتل کا مجرم پایا ہے۔ انھوں نے اپنے 63 سالہ شوہر ڈینیئر بروفی کے سینے میں دو بار گولی ماری۔
الزام لگانے والے وکیل شان اوورسٹریٹ نے کہا کہ مصنفہ اس قتل سے پہلے اپنی مالی مجبوریوں سے نمٹ رہی تھیں۔ انھوں نے ثبوت پیش کیے کہ کس طرح کریمپٹن نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران اوورسٹریٹ نے کہا: ‘یہ صرف پیسے کا معاملہ نہیں تھا۔ یہ اس طرز زندگی کے بارے میں بھی تھا جو نینسی چاہتی تھیں اور ان کا شوہر فراہم نہیں کر سکتا تھا۔’
تاہم نینسی کریمپٹن بروفی نے کہا کہ انھوں نے اپنے شوہر کو قتل نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ جائے وقوعہ پر موجود سکیورٹی کیمرہ صرف یہ دکھا رہا ہے کہ وہ لکھنے کے لیے ترغیب کی تلاش میں ہیں۔
لیکن وکیل اوورسٹریٹ نے کہا کہ قتل میں استعمال ہونے والی بندوق غائب ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ بندوق ایک سیریئل میں جانچ کے لیے خریدی گئی تھی۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نینسی کے شوہر نے لاکھوں ڈالر کی انشورنس کرائی تھی اور نینسی اپنے شوہر کو قتل کر کے یہ رقم حاصل کرنا چاہتی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
پراسیکیوٹر کے مطابق نینسی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کے مالی مسائل ان کے شوہر کی موت سے بہت پہلے ہی حل ہو چکے تھے۔
بحث کے دوران نینسی نے کہا: ‘آپ لوگ اسے میری تحریر سے متاثرہ عمل تسلیم کر رہے ہیں۔ لیکن آپ بتائیں کہ اس میں قتل کا مقصد کہاں ہے؟ کوئی بھی ایڈیٹر کہہ سکتا ہے کہ آپ کو اپنی کہانی پر زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ اس میں بہت بڑا خلا ہے۔’
نینسی کے کہنے کا مطلب تھا کہ یہ تخیل کی بات ہے اور یہ قتل اس سے متاثر نہیں۔
ابھی تک نینسی کو باضابطہ طور پر سزا سے متعلق کوئی پیغام نہیں ملا ہے۔ لیکن اس معاملے میں عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ مقامی اخبار دی اوریگونین کے مطابق نینسی کے وکیل اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
،تصویر کا ذریعہNANCY BROPHY SITE
نینسی کی کہانیوں میں آزمائے گئے طریقے
نینسی نے رومانوی ناول لکھے ہیں۔ ان میں مرد اور عورت کے بگڑتے رشتے کو دکھایا گیا ہے اور ان ہنگامہ خیز کہانیوں میں بتایا گیا ہے کہ شوہر یا بیوی کو قتل کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہے، تاکہ کسی کو ذرہ برابر بھی شبہ نہ ہو۔
‘دی رانگ کاپ’ نامی ناول میں انھوں نے ایک ایسی عورت کے بارے میں لکھا ہے جو اپنی شادی شدہ زندگی کا ہر دن اپنے شوہر کو قتل کرنے کے نئے منصوبوں کے بارے میں تصور کرنے میں گزارتی ہے۔
ناول ‘دی رانگ ہزبینڈ’ کا مرکزی کردار اپنے ہی قتل کی جھوٹی کہانی گھڑ کر مار پیٹ کرنے والے شوہر سے فرار ہونے کی کوشش کرتا ہے۔
لیکن ‘How to Murder Your Husband’ میں مصنفہ ایک قدم آگے بڑھ جاتی ہے۔ اس میں وہ اپنے شوہر کو قتل کرنے کے لیے کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں: ‘ایسے بہت سے قاتل پولیس کے سامنے آپ کا کچا چٹھا کھول سکتے ہیں۔ اس معاملے میں اپنے بوائے فرینڈ پر بھی بھروسہ نہ کریں کیونکہ یہ ایک برا خیال ہے۔’
اس میں وہ اپنے شوہر کو زہر دے کر مارنے کا مشورہ بھی نہیں دیتی ہیں۔ وہ لکھتی ہیں کہ ‘اگر یہ قتل آزادی حاصل کرنے کی خاطر ہے تو یقیناً میں آزاد ہوکر جیل میں وقت نہیں گزارنا چاہوں گی۔’
نینسی کے شوہر ڈینیئل بروفی ایک کوکنگ انسٹی ٹیوٹ میں پڑھاتے تھے۔ نینسی اور ان کے شوہر کی شادی شدہ زندگی 27 سال پر مبنی تھی۔ نینسی نے اپنے بلاگ میں اپنے شوہر کے ساتھ اپنے تعلقات کے رومانوی پہلو پر بھی کھل کر بات کی ہے۔
نینسی کے شوہر ڈینیئل
حالانکہ وہ مانتی ہیں کہ ان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آئے اور انھوں نے اچھے اور برے دونوں وقت دیکھے۔
جب ڈینیئل کے طالب علموں نے ہائی سکول کے کچن میں ان کی خون آلود لاش دیکھی تو سب حیران رہ گئے۔ کوئی نہیں جانتا تھا کہ کیا کرنا ہے۔
کریمپٹن بروفی نے خود لکھا کہ ‘وہ سمجھ نہیں پا رہی ہیں کہ کیا کرنا ہے۔’ تاہم جو کچھ ہوا اس کے متعلق نینسی کی لاتعلقی کو پڑوسیوں اور رشتہ داروں نے نوٹس کیا۔
‘How to Murder Your Husband’ کی مصنفہ نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کے مزید دوسرے طریقے بھی بیان کیے ہیں جن میں بندوق کا استعمال بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ شوہر کے قتل کی وجہ مالی مسائل کو بھی بتایا گیا ہے۔
تاہم پوسٹ میں انھوں نے ہتھیاروں کو شور مچانے والا اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہتھیار چلانے کے لیے مہارت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
نینسی لکھتی ہیں: ‘میں جانتی ہوں کہ ہم میں سے ہر کوئی صرف اس وقت قتل کرنا چاہے گا جب وہ بہت تنگ آچکا ہو۔’
Comments are closed.