پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو غداری کے مقدمے میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق اشتہاری قرار دینے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گرفتاری کے لیے اقدامات کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شوکت ترین کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لی جائے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
شوکت ترین کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین کے خلاف مقدمہ ان کی سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ آڈیو کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔
شوکت ترین کے خلاف مقدمہ بغاوت اور اشتعال انگیزی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
Comments are closed.