دو بڑے ملکوں کے دو بڑے کھلاڑی اور دو سپر اسٹارز، شعیب ملک اور ثانیہ کی شادی کی خبر بھی اپنے وقت کی سب سے بڑی بریکنگ نیوز ثابت ہوئی تھی، تاہم اب دونوں کی علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم ان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کے دل آسٹریلیا میں ملے، رشتہ دبئی میں طے ہوا، نکاح بھارت میں ہوا جبکہ ولیمہ پاکستان میں ہوا۔ جوڑے نے رہائش دبئی میں رکھی، پاک بھارت میڈيا نے شادی کی بھرپور کوریج کی۔
سیالکوٹ سے بارات لے کر شعیب ملک حیدرآباد دکن پہنچے تھے، جیو نیوز کی ٹیم بھی بارات کی کوریج کے لیے بھارت گئی، شعیب ملک دلہن بیاہ کر پاکستان آئے تو اسٹار جوڑی کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گيا۔
شادی کے بعد بھی شعیب ملک کرکٹ اور ثانیہ مرزا ٹینس کے میدان میں پرفارم کرتے نظر آئے، 12 سال کے سفر میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ بھی خوب نام کمایا، انٹرنیشنل جوڑے کی علیحدگی کی خبریں بھی انٹرنیشنل نیوز بن گئی۔
جیو نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اپنی پہلی ملاقات کا احوال بھی بتایا تھا۔
انٹرویو کے دوران جیو نیوز کے اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی نے ثانیہ مرزا سے سوال کیا کہ آپ دونوں کی پہلی ملاقات کب ہوئی؟ اس پر ثانیہ مرزا نے جواب دیا کہ ’پہلی ملاقات تو بہت پہلے ہوئی تھی، یہ لوگ میرے خیال سے کھیل رہے تھے بھارت میں شاید 2005 یا پھر 2004 کی بات ہے، میں اس وقت دلی میں فیڈریشن کپ کھیل رہی تھی۔‘
ثانیہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اور پاکستان ٹیم ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، میں نیچے جم میں سے نکل رہی تھی تو کسی صحافی نے ایک رسمی سی ملاقات کروائی تھی، اس کے بعد ہم تین چار سال نہیں ملے۔‘
اینکر کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہ انہوں نے کون سا ایسا شارٹ کھیلا تھا کہ ثانیہ ان کی بیوی بن گئیں، شعیب ملک نے کہا کہ ’کوئی ایسا شارٹ نہیں کھیلا، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں یہ بڑوں سے سنا ہے اور جب خود کی شادی ہوئی تو پتہ بھی چل گیا۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ یہ نیچرل تھا، اللّٰہ کو یہی منظور تھا۔‘
میزبان کی جانب سے شعیب ملک سے سوال کیا گیا کہ شادی کے بعد آپ کی ثانیہ کے ساتھ کھیلنے کی کچھ تصاویر بھی سامنے آئی تھیں، جس کے جواب میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹریننگ ہم دونوں ساتھ ہی کرتے ہیں کیونکہ یہ فٹنس کیلئے بھی بہت ضروری ہے۔
ثانیہ مرزا کا شعیب ملک کی فٹنس سے متعلق کہنا تھا کہ یہ جتنے فٹ نظر آتے ہیں اتنے ہیں نہیں۔
Comments are closed.