پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کی نیوزی لینڈ کے خلاف 2002 میں تباہ کن بولنگ کی ویڈیو سامنے آگئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 21 سال قبل شعیب اختر کی شاندار بولنگ پرفارمنس کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے، جسے صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں پی سی بی نے لکھا کہ آج ہی کے دن یعنی 21 اپریل 2002 کو شعیب اختر نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔
کراچی میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، محمد یوسف کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 276 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے دفاع میں شعیب اختر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 9 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، یوں پاکستان اس میچ میں 153 رنز سے فتحیاب ہوا۔
شعیب اختر میچ میں بہترین بولنگ کی بدولت مین آف دی میچ بھی قرار پائے تھے۔
Comments are closed.