پیر5؍محرم الحرام 1445ھ24؍جولائی 2023ء

شعیب اختر ورلڈ کپ پرومو میں بابر اعظم کو نظر انداز کیے جانے پر برہم

سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے ورلڈ کپ پرومو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ان کی شاندار کامیابیوں کے باوجود بھی نظر انداز کیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پرومو کی 2 منٹ 12 سیکنڈز کی ویڈیو جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے فوراََ یہ بات نوٹس کرلی کہ اس پروموشنل ویڈیو میں کافی جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

دیگر سوشل میڈیاصارفین کے علاوہ شعیب اختر بھی یہ پروموشنل ویڈیو دیکھ کر بپھر گئے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جس نے بھی یہ سوچا کہ ورلڈ کپ کا پرومو پاکستان اور بابر اعظم کی نمایاں موجودگی کے بغیر مکمل ہو جائے گا، اس نے حقیقت میں اپنا مذاق خود اُڑایا ہے‘۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ’اب وقت آگیا ہے کہ آپ لوگ تھوڑا بڑے ہوجاؤ‘۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ورلڈ کپ کی پروموشنل ویڈیو میں کرکٹ کے اترتے چڑھتے لمحات اس انداز سے دکھائے گئے ہیں کہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت دوسری پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر صرف مایوسی کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

اس ویڈیو میں شاداب خان کو چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا، وہاب ریاض کا اپنی بال پر شاٹ لگنے کے بعد مایوس ہونا اور 1992ء میں انضمام الحق کا رن آؤٹ شامل ہے۔

یہاں تک کہ ایک سین میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پاکستانی مداح مایوس بیٹھا ہے اور اس کے ساتھ بیٹھا بھارتی مداح اسے دلاسا دیتا ہے۔

پوری ویڈیو میں پاکستان کا صرف ایک اچھا لمحہ دکھایا گیا ہے جس میں شاہین وکٹ لے کر جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.