بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شعیب اختر نے سچن کی پسلیاں توڑ دی تھیں؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اُن سے کہا تھا کہ آپ کی ڈیلیوری نے میری پسلیاں توڑ دیں۔

لیجنڈز کرکٹ لیگ کے دوران ایک حالیہ گفتگو میں، شعیب اختر نے  سچن ٹنڈولکر سے متعلق ایک واقعہ یاد کیا، 2007 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے دوران، سات ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوران کس طرح ان کی ایک تیز گیند سے ٹنڈولکر کو تکلیف ہوئی اور اُن کی پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں، نقصان کی حد اتنی زیادہ تھی کہ ٹنڈولکر کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی۔

شعیب اختر نے اپنی گفتگو میں انکشاف کیا کہ میں اور سچن بہت اچھے باورچی ہیں، سچن نے ایک بار مجھ سے کہا تھا کہ میں تمہارے لیے کچھ پکانا چاہتا ہوں اس لیے تم کبھی آؤ، لہٰذا میں اُن کے گھر گیا اور ہم نے کھایا اور پھر ہم نے کہانیاں شیئر کیں۔

اسی دوران سچن نے مجھے بتایا کہ آپ کی ایک ڈیلیوری سے میری پسلیاں ٹوٹ گئیں تھیں، میں سانس نہیں لے پارہا تھا اور میں نے رات ہسپتال میں گزاری۔

شعیب اختر نے کہا کہ جب میں نے سچن سے پوچھا کہ تُم نے مجھے اُس وقت کیوں نہیں بتایا تو سچن نے کہا کہ اگر میں آپ کو بتاتا تو مجھے آپ سے مزید تیز گیند نہیں ملتی۔

دوسری جان بھارتی میڈیا کے مطابق سچن ٹنڈولکر نے گزشتہ سال ایک سیشن کے دوران خود بھی اس واقعے کے بارے میں بات کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.