سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے ایشیا کپ 2022 کا فائنل جیتنے کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کو بہترین ٹیم قرار دے دیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے آج بہت ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ سری لنکا میں خراب حالت کے باوجود اس نے اپنی ٹیم کو بہترین ثابت کرکے دنیا کے سامنے اپنا لوہا منوایا ہے۔
سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ہم کہیں غلط ٹیم تو نہیں کھلا رہے بار بار، محمد رضوان کی بیٹنگ پر بھی سوالیہ نشان ہے؟ وہ میچ ختم نہیں کرسکتے، 45 گیندوں پر 45 رنز بنا کر کوئی کارنامہ انجام نہیں دیتے۔
شعیب اختر نے کہا کہ فخر زمان اور افتخار کی بھی فارم چلی گئی ہے انہوں نے بالکل بھی اچھا نہیں کھیلا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے سری لنکا کی فیلڈنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو اونچے کیچ پکڑے اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو آوازیں دیں، جبکہ ہماری ٹیم نے ایسا کچھ بھی نہیں کیا اور کیچ چھوڑ دیے۔
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستانی سلیکٹرز کو ٹیم کی سلیکشن سے متعلق سوچنا پڑے گا۔
Comments are closed.