پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے وزیراعظم عمران خان اور اُن کے ساتھی کارکنان پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ وزیر اعظم اور اُن کی ٹیم نے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں، آرٹیکل 6 کے تحت ان سب پر غداری کے مقدمات درج ہونا چاہیے۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اب قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ سپریم کورٹ آئین کی تکریم اور سپریمیسی کو برقرار رکھے گی۔
اُنہوں نے اپنے اگلے بیان میں کہا کہ ‘سلیکٹڈ’ ‘مسترد’ ہونے کو برداشت نہیں کر سکے اور اس عمل میں اُنہوں نے پاکستان کے آئین کو بدترین ممکنہ طور پر غلط استعمال کیا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد مسترد کر دی۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے متحدہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کو آئین کے خلاف قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے خلاف کسی غیر ملکی کو حق نہیں کہ وہ تحریکِ عدم اعتماد لائے، میں بطور ڈپٹی اسپیکر رولنگ دیتا ہوں کہ وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد کی جاتی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر نے تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔
Comments are closed.