پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ جب بیساکھیاں ہٹ گئیں تو عمران خان کی سیاست کی تنزلی کی جھلک گزشتہ روز مینار پاکستان پر سب نے دیکھ لی۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 2013 میں تحریک انصاف کو مینار پاکستان کے جلسہ کے ذریعے مصنوعی طریقے سے ابھارا گیا تھا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست دفن ہو چکی، ڈرپوک جو خود کو بڑا بہادر سمجھتا ہے ڈبوں میں بیٹھ کر موصوف خطاب فرما رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنا حشر دیکھ کر ہر دروازے پر مذاکرات کی بھیک مانگ رہی ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مستقبل کی فکر کرنا چھوڑ دیں، اپنے مستقبل کے بارے میں سوچیں۔
شرجیل میمن نے سوال کیا کہ فواد چوہدری بتائیں کہ ان کی تحریک انصاف نے گزشتہ روز سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کتنی نشستیں جیتیں؟
انہوں نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک فواد چوہدری کی جماعت کو پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست دی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مستقبل روشن ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسی کے سہاروں کا آسرا نہیں رکھتی، اپنی کارکردگی پر انحصار کرتی ہے، جیالے اب یہ ٹرینڈ پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری سن لیں فیصلے پی ٹی آئی کی مرضی کے آئین و قانون کے مطابق نہیں ہو سکتے۔
Comments are closed.