پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کا کہنا ہے کہ جیل میں والد کو گھر کا کھانا دینے کی اجازت نہیں۔
شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے وکلاء آج مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوئے اور سماعت ملتوی ہو گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ آج پہلی بار ملزمان کی فیملی کو سماعت میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی، ہم چاہتے ہیں کہ کارروائی میں شفافیت ہو اور یہ ظاہر بھی ہو۔
مہر بانو نے کہا کہ ہمیں اجازت دی ہے تو میڈیا کے نمائندوں کو بھی اجازت دینی چاہیے، انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا مؤقف اصولی ہے، صحت ٹھیک ہے اور وہ ڈٹے ہوئے ہیں، حلف کی پاسداری کر رہے ہیں، اپنا فرض انجام دینا بھی ملک کی خدمت ہے۔
مہر بانو نے یہ بھی کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے شفاف سیاست کی، ان کی 40 سالہ سیاست پر کوئی کرپشن کا داغ نہیں، ہمارا اکلوتا بھائی مقدمات میں جکڑا جا چکا ہے۔
Comments are closed.