خیرپور میں شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کی بس سے ایک طالبہ کو اغواء کی کوشش کی گئی، مزاحمت پر 7 طلبہ زخمی ہوگئے۔
طلبہ و طالبات نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے رانی پور قومی شاہراہ پر احتجاج کیا، متاثرہ طلبہ کاکہنا ہے کہ مرکزی ملزم یونیورسٹی میں ہی پڑھتا ہے، ملزم سمیت 5 افراد کے خلاف رانی پور تھانے میں درخواست جمع کروادی۔
شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کی بس میں سوار طلبہ آج صبح یونیورسٹی جارہے تھے، رانی پور کے قریب ملزمان نے بس کو روک کر ایک طالبہ کو اغواء کرنے کی کوشش کی۔
واقعہ کے خلاف طلبہ و طالبات نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے رانی پور قومی شاہراہ پر احتجاج کیا۔
متاثرہ طالبہ کا الزام ہے کہ یونیورسٹی کا ہی طالب علم صفدر وسان اُسے کئی روز سے تنگ کر رہا تھا، آج اسلحہ کے زور پر ساتھیوں کے ہمراہ ملزم نے بس روک لی اور اُسے زبردستی بس سے اتار کر لے جانا چاہتا تھا۔
ترجمان یونیورسٹی تاج لاشاری کا کہنا ہے کہ طالبہ کو اغوا کرنےکی کوشش کا واقعہ یونیورسٹی سے باہر پیش آیا، متاثرہ لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والےطالب علم کےخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔ کیس ڈسپلن کمیٹی میں رکھا جائےگا اور یونیورسٹی طالب علم کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔
دوسری طرف ایس ایس پی ظفر اقبال ملک کے مطابق متاثرہ طالبہ نے رانی پور تھانے میں مرکزی ملزم سمیت 5 افراد کے خلاف درخواست جمع کروادی ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
Comments are closed.