ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی یارکر پر آؤٹ ہونے کے بعد اسپتال جانے والے افغان بیٹر رحمان اللّٰہ گرباز کا بیان سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رحمان اللّٰہ گرباز نے لکھا کہ میرے لیے دعائیں کرنے کا شکریہ، اللّٰہ کے رحم سے میں اب بالکل ٹھیک ہوں، الحمد للّٰہ۔
انہوں نے اپنی خیریت سے متعلق مزید لکھا کہ آنے والے میچز میں کھیلنے کے لیے تیار ہوں، انشاء اللّٰہ۔
افغان بیٹر رحمان اللّٰہ گرباز کی پوسٹ پر انٹرنیٹ صارفین نے انہیں شاہین شاہ آفریدی کی گیند کا سامنا کرنے سے متعلق مشورے بھی دیے۔
اس سے قبل گزشتہ روز افغان کرکٹ بورڈ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ رحمان اللّٰہ کو سیریس انجری نہیں ہوئی اور ان کا انگلینڈ کے خلاف پہلا میچ کھیلنے کا امکان ہے۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ رحمان اللّٰہ کے پیر کی انگلی میں فریکچر نہیں ہوا، اگلے 2 دنوں میں ان کا مزید معائنہ بھی کیا جائے گا، امکان ہے کہ وہ ہفتے کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ بدھ کو برسبین میں شاہین شاہ آفریدی نے وارم اپ میچ میں افغانستان کے بیٹر رحمان اللّہ کو اپنے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند تیز یارکر کرائی جو ان کے بائیں پاؤں کی انگلیوں پر لگی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے اپیل کرنے پر افغان بیٹر کو امپائر نے آؤٹ قرار دیاتھا۔
Comments are closed.