بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شاہین شاہ کی آسٹریلیا کیخلاف جارحانہ بولنگ

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کی بیٹنگ شاہین شاہ کے ابتدائی اوورز میں شدید دباؤ کا شکار رہی اور ایک ہی اوور میں 2 وکٹ کھودیئے۔

پاکستان کے شاہین شاہ نے 7 رنز بنانے والے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ان کے بعد آنے والے مارنس لبوشین کو صفر کے اسکور پر پویلین روانہ کیا۔

میچ میں اب سے کچھ دیر پہلے تک مہمان ٹیم نے 2 وکٹ کے نقصان پر 14 رنز بنا لیے ہیں۔

اس سے قبل لاہور ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے میزبان ٹیم پاکستان کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے مہمان کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم پچھلے چار دن کافی ریلیکس رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔

بابر اعظم کاکہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

لاہور ٹیسٹ کیلئے  قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، امام الحق ، عبداللّٰہ شفیق ، اظہر علی ، بابر اعظم ، فواد عالم ، محمد رضوان ، نعمان علی ،  ساجد خان ، حسن علی ، شاہین آفریدی اور  نسیم شاہ ٹیم میں شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم میں عثمان خواجہ ، ڈیوڈ وارنر ، مارنس لبوشین ، اسٹیو اسمتھ ، ٹریوس ہیڈ ، کیمرون گرین ، ایلکس کیری ، پیٹ کمنز ، مچل اسٹارک ، مچل سوئپسن اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور 13 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

ٹیسٹ میچ کے ٹاس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم پہنچیں اور کھلاڑیوں و آفیشلز نے پچ کا جائزہ لیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے لاہور میں آخری ٹیسٹ 1994 میں کھیلا تھا جبکہ موجودہ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے دونوں ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.