پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری صاحبزادی انشا آفریدی کی دعوت ولیمہ کی پُروقار تقریب گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل مختلف تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ولیمے کی تقریب میں نہ صرف کھلاڑیوں نے شرکت کی بلکہ صحافیوں، سیاسی رہنماؤں ، سفارت کاروں اور سابق اعلیٰ فوجی افسران نے بھرپور شرکت کی۔
سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر وائرل تصاویر میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل آصف غفور اور سابق چیئرمین چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کی شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کے ولیمے میں شرکت توجہ کا مرکز بنی۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بیٹی کے دعوت ولیمہ میں سابقہ ٹیم کے ساتھیوں، سفارت کاروں سمیت دیگر معززین کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
لالا نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں پاکستان کرکٹ ٹیم، اپنے سابقہ ٹیم کے ساتھیوں، سفارت کاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے میری بیٹی کے ولیمے میں شرکت کرکے عزت بخشی، ان کی موجودگی نے مجھے خاص اور عزت کا احساس دلایا۔ میں ان سب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ان خاص لمحوں کو ہمارے ساتھ منایا۔
یاد رہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی شادی 19 ستمبر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی سے کراچی میں ہوئی تھی۔
شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کا رواں برس فروری کے آغاز میں کراچی میں نکاح ہوا تھا۔
Comments are closed.