لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز میچ کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلوی اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر کا دلچسپ انداز میں آمنا سامنا ہوا۔
قذافی اسٹیڈیم میں جاری پاک آسٹریلیا سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتامی لمحات میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب ڈیوڈی وانر نے دن کے اختتام سے ایک گیند قبل شاہین آفریدی کو چوکا رسید کیا۔
اس کے بعد اگلی گیند نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر نے باؤنسر کروانے کی کوشش کی، جس کا آسٹریلوی بلے باز نے کامیابی کے ساتھ دفاع کیا۔
دن کی یہ آخری گیند پھیکنے کے ساتھ ہی شاہین شاہ آفریدی دوڑتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کے بالکل قریب جاکر رکے اور دونوں ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔
شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر بظاہر ایک دوسرے پر غصہ اتارتے دکھائی دیے، لیکن ایسا نہیں تھا، دونوں ہنستے رہے اور ہسنتے ہوئے ہی ساتھ فیلڈ سے واپس پویلین لوٹے۔
اس کے بعد ڈیوڈ وانر نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شاہین آفریدی کے ساتھ اپنی تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی۔
یہاں سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین نے بھی کرکٹ فیلڈ پر ان خوبصورت لمحات پر تبصرہ کیا اور انہیں ’کیوٹ مومنٹس‘ کہا۔
میمرز بھی پیچھے نہ رہے اور ان دونوں کو کہہ دیا ’مسٹر اینڈ مسز امیتابھ بچن‘۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بھی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا اور ویڈیو کے ساتھ عنوان میں تحریر کیا گیا کہ ’دن کو ختم کرنے کا کیا طریقہ ہے۔‘
خیال رہے کہ اسی میچ کی پہلی اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کو 7 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا تھا۔
آسٹریلیا نے میچ کی پہلی اننگز میں 391 رنز بنائے جبکہ جواب میں قومی ٹیم 268 پر آل آؤٹ ہوگئی جس کے ساتھ ہی مہمان ٹیم کو مجموعی طور پر 134 رنز کی برتری حاصل ہے۔
Comments are closed.