منگل19؍ربیع الثانی 1444ھ15؍نومبر2022ء

شاہین آفریدی کا پیر کی صبح ٹیم کی پاکستان روانگی سے قبل اسکین

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا پیر کی صبح ٹیم کی پاکستان روانگی سے قبل اسکین کروایا گیا، اسکین میں انجری کی کوئی نشاندہی نہیں ہوئی۔

پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کو دو ہفتے کے ری ہیب کی ہدایت کی گئی ہے، شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے گرے تھے۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شاہین آفریدی کو پہلے ہی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق اسکین کا جائزہ پی سی بی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نصیب اللّٰہ سومرو نے لیا، گھٹنے کے اسپیشلسٹ آسٹریلوی ڈاکٹر پیٹر ڈی ایلسنڈرو نے بھی اسکین کا جائزہ لیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ معائنے سے معلوم ہوا شاہین آفریدی کو انجری کا سامنا نہیں، شاہین آفریدی بہتر محسوس کر رہے ہیں، شاہین کا ری ہیب وطن واپسی کے چند روز بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوگا۔

کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی 2 ہفتے کے کامیاب ری ہیب سے ہوگی، ری ہیب مکمل ہونے پر میڈیکل اسٹاف شاہین آفریدی کا معائنہ کرے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.