کراچی کے علاقے شاہراہ نور جہاں کٹی پہاڑی پر پولیس مقابلہ تحقیقات میں جعلی نکلا، تحقیقات کے نتیجے میں چاروں اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاروں اہلکار کٹی پہاڑی پر اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھے، فرید الدین نے اہلکاروں کے اشارہ کرنے پر موٹر سائیکل نہیں روکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے فائرنگ کر دی جس سے نوجوان زخمی ہوگیا، غلطی چھپانے کے لیے اہلکاروں نے جھوٹ بولا کہ نوجوان نے پولیس پر فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں چاروں اہلکار غلط اور مقابلہ جعلی ثابت ہوا، واقعے کا مقدمہ زخمی نوجوان کے والد کی مدعیت میں شاہراہ نور جہاں تھانے میں درج کر لیا گیا۔
اس سے قبل پولیس کی جانب سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار زخمی ملزم سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
Comments are closed.