پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی بیٹی انشا اور کرکٹر شاہین آفریدی کی شادی ملتوی کرنے کی وجہ بتا دی۔
نجی چینل کی میزبان سویرا پاشا نے بیٹی کی شادی کے حوالے سے سوال کیا کہ عید الفطر پر جب میری آپ سے اور شاہین سے گفتگو ہوئی تھی تو اس وقت آپ نے بتایا تھا کہ انشا کی رخصتی ستمبر میں ہو گی لیکن اب چونکہ ایشیا کپ ہے، اسی لیے شادی تاخیر سے ہوتی نظر آ رہی ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور انشا کی شادی ایشیا کپ کے باعث ملتوی کرنی پڑے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تاریخ کا مجھے علم تھا اور مہینہ میں نے صرف آپ کو بتایا تھا، دونوں کی شادی ستمبر کی 3 تاریخ کو ہونا تھی جسے اب منسوخ کرنا پڑے گا کیونکہ میں سمجھتا ہوں دیر یا سویر انشا اللّٰہ شادی ہو جائے گی، شکر ہے ایشیا کپ وقت پر ہو رہا ہے، یہ پاکستان اور شاہین دونوں کے لیے اہم ہے، انشا اللّٰہ شادی کی تاریخ آگے پیچھے کرنی پڑے گی۔
سویرا پاشا نے پھر سوال کیا کہ ایشیا کپ کے فوراً بعد بھارت میں ورلڈ کپ ہونا ہے تو کیا ہم سمجھیں کہ انشا اور شاہین کی شادی نومبر کے اختتام یا دسمبر کے آغاز میں ہو گی؟
شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ بس جیسے ایشیا کپ کا اونٹ ایک طرف بیٹھ گیا ہے، ویسے ہی یہ بھی بیٹھ جائے گا۔
واضح رہےکہ شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کا رواں برس فروری کے آغاز میں کراچی میں نکاح ہوا تھا۔
حال ہی میں ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا جس میں ایونٹ کے 4 میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔
ایشیا کپ میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
Comments are closed.