پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی بھارت میں مثال بن گئے۔
بھارتی میڈیا نے اپنے سیلکٹرز کو شاہد آفریدی سے سبق لینے کا مشورہ دیا ہے۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں کو پاکستان کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کی پریس کانفرنس سے سوالات کے جوابات دینے کا طریقہ سیکھنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی بورڈ کے حکام کو شاہد آفریدی سے میڈیا کے سخت سوالوں کا جواب دینا، کپتان سے متعلق صاف بات کرنا اور سب سے بڑھ کر ایک اہم عہدے پر بیٹھنے کا طریقہ سیکھنا چاہیے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو شاہد آفریدی کی پریس کانفرس سے وضاحت، بے تکلفی اور یقین سیکھنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ ایک بہتر ٹیم منتخب کرسکیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے سکیں۔
یاد رہے کہ 5 جنوری کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
اس مرتبہ بھی پاکستان اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
اس پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی نے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے بھی سوالات کے جوابات دیے تھے۔
چیف سلیکٹر نے کہا تھا کہ بابر اعظم جتنا بڑا کھلاڑی ہے اس کو اتنا ہی اچھا کپتان دیکھنا چاہتے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ ایسی کرسی ہے کہ اکثر لوگ ناراض ہوں گے، یہ انصاف کی جگہ ہے، سب کو خوش نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز 9، 11 اور 13 جنوری کو کراچی میں شیڈول ہیں۔
Comments are closed.