پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ جس طرح اپنی وکٹ گنوائی اس پر مجھے کافی افسوس ہے۔
پرتھ میں زمبابوے سے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ شکست کے بعد مایوسی ہوتی ہے، دو میچز میں قریب آکر ہارنا کافی افسوس کی بات ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ ہر پوائنٹ کی اہمیت ہے اس گروپ میں کیوں کہ ہر ٹیم ٹف ہے، جب تک ٹورنامنٹ مکمل نہیں ہوتا آگے کا نہیں سوچ سکتے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاتھ میں اگلے تین میچز ہیں جس میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے، جو چیزیں ٹھیک چل رہی ہوتی ہیں ان کو چھیڑنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم دوسری ٹیموں سے سیکھ ضرور سکتے ہیں لیکن ان کا انداز کاپی کرنا ضروری نہیں۔
اوپنرز کے بارے میں بات کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ان دونوں میچز میں اندازہ ہوجانا چاہیے کہ بابر اعظم اور رضوان کا اچھا اسٹارٹ کتنا اہم ہے، بابر اور رضوان دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں ہر پلیئر پر اپنی اپنی ذمہ داری ہے، آج ہم نے بطور بیٹنگ یونٹ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی یہ قابل قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو آج ہم نے غلطیاں کیں وہ آئندہ نہیں دہرائیں گے، میں نے جس طرح اپنی وکٹ گنوائی اس پر مجھے کافی افسوس ہے، مجھے کھڑے رہ کر میچ جتوانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ زمبابوے نے ابتدائی تین اوورز میں کافی اچھی بیٹنگ کی تھی، ہم تیرہویں اوور تک کنٹرول میں تھے مگر میچ کو فنش نہ کرسکے، اس مایوسی کا حل یہی ہے کہ گراؤنڈ پر آکر اچھا کھیلیں۔
Comments are closed.