پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔ ون ڈے ٹیم کے کپتان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں پی سی بی نے 34 سالہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم اور 23 برس کے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کی قیادت سونپنے کا اعلان کیا۔
شان مسعود نے 30 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے اور 56 اننگز میں 28 اعشاریہ 51 کی اوسط سے 1 ہزار 597 رنز بنائے، جس میں 4 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا بڑا انفرادی اسکور 156 رنز ہے۔
دوسری طرف شاہین آفریدی نے 54 ٹی20 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر رکھی ہے، انہوں نے اس دوران 64 وکٹیں حاصل کیں۔
پی سی بی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ پرفارمنس اور بابر اعظم کی تینوں فارمیٹ سے کپتانی چھوڑنے کے بعد قومی ٹیم اور مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا آغاز کیا ہے۔
پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے کوچنگ اسٹاف کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پی سی بی نے تمام کوچنگ اسٹاف کو عہدوں سے ہٹادیا ہے تاہم کسی کوچ کو فارغ نہیں کیا گیا بلکہ اُن کی ذمے داریاں تبدیل کی جارہی ہیں۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کپتانی چھوڑنے والے بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت آفر کی تھی لیکن انہوں نے معذرت کرلی۔
Comments are closed.