وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی کی شارعِ فیصل کی بیوٹیفکیشن اور بہتری کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر تقریباً 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی، جو ایک سال میں مکمل ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ سے میٹروپول تک شارعِ فیصل کو خوبصورت اور سر سبز بنایا جائے گا، مرکزی شارع کی بہتری سے کراچی کا امیج بہتر ہو گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چند سال پہلے تک شارعِ فیصل کا بہت برا حال تھا، پیپلز پارٹی کی حکومت نے شارعِ فیصل کی ڈرینیج کو بہتر کرنے کا فیصلہ کیا، اس سڑک کےمختلف مقامات پر نئی ڈرین لائنیں ڈالی گئی ہیں، جن کی وجہ سے گزشتہ بارشوں میں شارعِ فیصل پر بارش کا پانی جمع نہیں ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ شارعِ فیصل پر آپ کو کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نظر نہیں آئے گا، ہم نے اپنی جماعت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے جھنڈے شارعِ فیصل سے اتار دیے ہیں، ہم وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نے مل کر کام کیا، اب شہر میں کوئی علاقہ پانی سے بھرا نظر نہیں آیا، 50 سے 52 نالے صاف کر دیے گئے ہیں، ابھی تک نالوں میں بورے ڈالنے کا کام شر پسند عناصر کر رہے ہیں، یہ نالے میئر یا وزیرِ اعلیٰ کے گھر نہیں جا رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئی سڑک خراب ہوتی ہے تو اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کی جاتی ہیں، جب بہتری آتی ہے تو کوئی وہ بہتری نہیں دکھاتا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے چورنگی کی ابھی کارپیٹنگ جاری ہے، اب لوگوں کو کچھ نہیں مل رہا تو آلائشوں پر سیاست کرنے کی کوشش کی گئی، وہ تنقید کرتے رہیں ہم کام کے ذریعے جواب دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پانی چوری کے خلاف کام کر رہے ہیں، پانی بیچنے والے مافیاکے خلاف جنگ کریں گے، شہر میں پانی کی سپلائی کو بہتر بنائیں گے، ڈی سیلینیشن پر بھی کام کریں گے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی والوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے، باہر سے آنے والے کہتے تھے کہ شارعِ فیصل اچھی سڑک ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جہاں پر کہیں وال چاکنگ، کہیں ٹریفک جام، کہیں محبوب آپ کے قدموں جیسے اشتہارات نظر آتے تھے، محبوب آپ کے قدموں میں اور معالج کے اشتہارات کا اب علاج کریں گے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ شارعِ فیصل کو مزید خوبصورت بنانے کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، سڑکیں خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
Comments are closed.