شادی کے تحفے میں چھپا بم چلنے سے دولہے کی ہلاکت، دلہن کا سابقہ دوست گرفتار
انڈیا میں ایک شخص نے شادی کے تحفے کے طور پر ملنے والا ہوم تھیٹر ابھی چلایا ہی تھا کہ ایک زور دار دھماکہ ہوا جس میں وہ شخص اور اس کا بھائی ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس تحفے میں دھماکہ خیز مواد چھپایا گیا تھا جو اس وقت پھٹ گیا جب ہوم تھیٹر کا پلگ لگا کر اسے چلانے کی کوشش کی گئی۔
دلہا تو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے علاج کے دوران چل بسا۔
پولیس کا دعوی ہے کہ یہ بم مبینہ طور پر دلہن کے سابق عاشق نے بھجوایا تھا جس کو غصہ تھا کہ اس کی محبوبہ کسی اور شخص سے کیوں شادی کر رہی ہے۔
پولیس نے مدھیا پردیش ریاست کے رہائشی سرجو مارکم کو بطور ملزم حراست میں لے لیا ہے جن کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آ سکا۔
اس دھماکے میں چار افراد زخمی ہوئے تھے جن میں ایک 18 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ یہ دھماکہ تین اپریل کو انڈیا کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے کبیرڈھم ضلع میں دلہے کے گھر پر ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
پولیس کا دعوی ہے کہ 33 سالہ مارکم کا انتیس سالہ خاتون سے تعلق تھا اور اس کا اصرار تھا کہ یہ خاتون اس کی دوسری بیوی بن جائے۔
تاہم اس خاتون کے اہلخانہ نے اس رشتے سے انکار کر دیا اور کہیں اور شادی طے کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی شدت سے کمرے کی چھت اور دیواریں گر گئیں۔
Comments are closed.