وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کے دشمنوں کو کھٹکتا ہے، جس حکومت کا منفی ایجنڈا ہو، وہ کبھی ترقیاتی کام نہیں کرسکتی۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ہماری حکومت آئی تھی تو وژن 2025 کا منصوبہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سال 2016 میں ہم نے سوچا چین سے معیشت جوڑ لیں تو پاکستان کو ترقی کا محرک ملے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت سال 2020 سے 2025 کا صنعتی فیز طے کیا گیا تھا، ہم نے ماضی میں 9 اقتصادی زونز کی نشاندہی کی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ 9 میں سے کسی ایک بھی اقتصادی زون میں انفرااسکٹرکچر نہیں ہے، افسوس کی بات ہے کہ منصوبے کے 5 اکنامک زونز پر کام ہی نہیں کیا گیا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے سی پیک کے تحت پہلا اقتصادی زون 2024 میں ہوگا، ایم ایل ون آج بھی وہیں ہے، جہاں سال 2018 میں چھوڑ کر گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دور میں آئی بی کو اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز میں مدد کا ٹاسک دیا گیا، 16 ارب کی اسلام آباد میٹرو ہماری حکومت کے آتے ہی 10 دن میں چلادی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے دشمنوں کو کھٹکتا ہے، سیکڑوں چینیوں نے مجھے بتایا وہ واپس جارہے ہیں واپس نہیں آئیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چین کو سی پیک پر پیشرفت سے آگاہ رکھیں گے، بیجنگ حکومت سے کوآرڈینشن بہتر کریں گے، پاکستان میں چین کی کمپنیوں سے میٹنگ میں ان کے تحفظات پر بات کروں گا۔
Comments are closed.