میدان عرفات میں موجود عازمین حجاج کی خدمت پر مامور سیکیورٹی اہلکار جوش و خروش سے حجاج کی معاونت میں پیش پیش ہیں، ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
خیال رہے کہ آج طلوع آفتاب سے ہی حجاج کرام کے قافلے رکن اعظم ادا کرنے میدان عرفات کی طرف روانہ ہو رہے ہیں، عرفات اور جبل رحمت کی فضا لبیک اللھم لبیک سے گونج رہی ہے جبکہ گرمی بھی اپنی آب و تاب کے ساتھ ہے۔
ایسے میں مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر پر وائرل ویڈیو میں سیکیورٹی اہلکار کو میدان عرفات میں جمع ہونے والے حجاج کرام کی مدد کرتے ہوئے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ فریضہ حج ادا کرنے کے لئے آئی ضعیف العمر خاتون جو تھکان سے چور سیڑھیوں پر بیٹھ جاتی ہیں ، انہیں دوبارہ اُٹھنے میں دشواری پیش آ رہی ہے ایسے میں سیکیورٹی اہلکار انہیں دوبارہ کھڑے کرنے میں مصروف ہیں۔
جبکہ ویڈیو کے اگلے لمحے میں گرمی کی شدت سے پریشان ایک خاتون چادر بچھائے زمین پر بیٹھ جاتی ہے تو سیکیورٹی اہلکار ان کی مدد کو بھی فوراً پہنچ جاتے ہیں اور خاتون کو ٹھنڈے پانی کی بوتل دیتے ہیں تاکہ وہ ایک بار پھر ہشاش بشاش ہوکر فریضے کی ادائیگی میں جٹ جائیں۔
خیال رہے کہ امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ایک لاکھ 57 ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق 81 ہزار عازمین سرکاری اور 76 ہزار نجی حج اسکیم کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے پہنچے ہیں۔
Comments are closed.