وزیرِ اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سینیٹ سیلری بل پر حیرانی ہوئی، ایسی مراعات صدر اور وزیرِ اعظم کو بھی حاصل نہیں۔
ایک بیان میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں، بجٹ پر مسئلہ تھا وہ حل ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعتیں کوئی ضم تو نہیں ہوئیں، الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، گملوں میں اگائی گئیں جماعتیں پائیدار اور فائدہ مند نہیں ہوتی ہیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی کی حکومت بھی دیکھی، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بھی، اب فیصلہ عوام کا ہے کہ وہ کس جماعت کو ووٹ دیتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہمارا واضح مؤقف ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، ن لیگ کا بھی مؤقف ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئین میں کسی غیرمعمولی صورتحال میں الیکشن میں تاخیر کے راستے رکھے گئے ہیں، اس وقت پاکستان میں ایسی کوئی صورتحال نہیں الیکشن وقت پر ہونا چاہیے۔
وزیرِ اعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت کسی ایک جماعت کی تو ہے نہیں اس سے کیا لمبا چوڑا گلہ کیا جائے۔
Comments are closed.