الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ 3 مارچ کو ہونے والا سینیٹ انتخاب وقت کی کمی کی وجہ سے پرانے طریقہ کار خفیہ بیلٹ کے زریعے ہی ہوں گے۔
سینیٹ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کی جانب سے صدارتی ریفرنس پر رائے کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے کہ وہ سینیٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹسز کو روکے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر تین رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمیٹی چار ہفتے میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
کمیٹی نادرا، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور متعلقہ افراد سے معاونت لے سکتی ہے، کمیٹی میں اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی آئی ٹی اور سعید گل شامل ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اس وقت تک سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول نہیں ہوا، سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کو آئین کے تحت ہی کرایا جس کا طریقہ خفیہ بیلٹ ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں ہونے والے گزشتہ دن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کی رائے کا جائزہ لیا گیا۔
گزشتہ روز عدالت عظمیٰ نے وفاقی حکومت کی جانب سے ’’سینیٹ کے انتخابات کے لئے کھلے عام رائے شماری کا طریقہ کار رائج کرنے‘‘ کے حوالے سے ذیلی قانون سازی سے متعلق قانونی و آئینی رائے کے حصول کیلئے دائر کئے گئے صدارتی ریفرنس پر ایک، چار(چار ججوں کا اتفاق جبکہ ایک کا اختلاف) کے تناسب سے اپنی رائے/فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات آئین اور قانون کے تابع ہیں، اسلئے سینیٹ کے انتخابات آئین کے مطابق منعقد ہونگے۔
Comments are closed.