پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن کہتی ہیں کہ سینیٹ کے انتخابات میں اوپن ووٹنگ سے متعلق ترمیمی بل مسترد کردیں گے۔
سینیٹ کے انتخابات میں اوپن ووٹنگ کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت کا ترمیمی بل جلد بازی اور بد نیتی پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی بل پاکستان تحریکِ انصاف کے ذاتی مفاد پر مشتمل ہے، اوپن ووٹنگ سے متعلق صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ فیصلے سے پہلے حکومت کو ترمیمی بل پیش کرنے کی ضرورت کیوں پڑی، انتخابی اصلاحات ایک بل اور ایک ترمیم سے نہیں ہوتے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنے ارکانِ پارلیمان پر اعتماد نہیں ہے۔
شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے اپنے ارکان کو ترقیاتی بجٹ نہیں رشوت دی ہے، وزیرِ اعظم نے سینیٹ انتخابات چوری کرنے کی کوشش کی ہے۔
Comments are closed.