آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی جائے گی، آرمی فارمیشنز سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار سپہ سالار نے اپنی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر آرمی فارمیشنز کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سیلاب اور بارشوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر متاثرہ شخص تک پہنچا جائے، مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو ہر ممکن ریلیف پہنچایا جائے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مکمل آپریشنل تیاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
Comments are closed.