متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد بن عبید الزابی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے عرب امارات میں فنڈ جمع کرنے کی مہم 10 ستمبر کو شروع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے اس قدر تباہی ہوئی کہ سندھ کے فضائی دورے میں سیلاب سمندر کا منظر پیش کر رہا تھا۔
وہ کراچی میں سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کے حوالے سے پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی اور سیکرٹری جنرل یو اے ای ریڈ کریسنٹ حنود الجنیبی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اماراتی سفیر نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کے ہمراہ دو روز میں سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہت تباہی ہوئی ہے، بلوچستان کے حالات بھی کچھ اچھے نہیں، سیلاب کی تباہ کاریوں پر دلی افسوس ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روز اول سے متحدہ عرب امارات اور ریڈ کراس پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے امدادی سامان کی ایک اور بڑی کھیپ کل کراچی پہنچ رہی ہے۔
پہلی قسط میں 17 کنٹینرز ہیں جن میں ایک لاکھ 30 ہزار خوراک کے پیکٹ شامل ہیں۔
سفیر نے بتایا کہ 10 ستمبر کو عرب امارت کی ریاستوں ابوظبی، دبئی اور شارجہ میں فنڈ جمع کرنے کی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین کی ہر حوالے سے امداد کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم پاکستان، پاک افواج اور این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر انتہائی دشواریوں کے باوجود متاثرین تک پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ضرورت کے لئے بھی متعلقہ حکام سے رابطے ہیں۔
یو اے ای کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وہ ہر ممکن طور پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضائی راستے سے ان کے ہوائی جہاز مسلسل امداد لے کر آ رہے ہیں، بحری راستے سے بھی کنٹینر پہنچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی مارکیٹوں سے بھی ہر ممکن امداد اور خاص طور پر خرید کر متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہے۔
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لیے بھی ان کی کوششیں جاری ہیں۔
Comments are closed.