وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بتایا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی بہت بڑا چیلنج ہے، بنیادی انفرا اسٹرکچر کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف، سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بریفنگ دی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب سے فصلوں اور لائیو اسٹاک کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر سندھ کے اضلاع میں تباہی ہوئی، ہمیں سیلاب متاثرین کیلئے مزید ٹینٹ اور مچھر دانیوں کی ضرورت ہے۔
بریفنگ میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں رواں سال معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں، جبکہ بارشوں اور سیلاب سے مواصلاتی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، اس مشکل وقت میں ہمیں عالمی برادری کی امداد کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے۔
سیکریٹری جنرل یو این کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
Comments are closed.