کینیڈا کے وزیرِ انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ہرجیت سجن اگلے ہفتے پاکستان آئیں گے، وفد میں پاکستانی نژاد اراکینِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد اور اقراء خالد بھی شامل ہوں گی۔
کینیڈین وفد پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی کاموں کا جائزہ لے گا، وفد خیبر پختون خوا میں سیلاب زدہ علاقے کا دورہ بھی کرے گا۔
کینیڈا کی پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیلاب کے باعث مشکل صورتِ حال سے دو چار ہے، اراکینِ پارلیمنٹ، وزیرِ اعظم اور وزیرِ انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے مناسب امداد کو یقینی بنائیں گے، کینیڈا نے ابتدائی طور پر 50 لاکھ ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا ہے، جائزے کے بعد مزید امداد کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
سلمیٰ زاہد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہرجیت ساجن 10 سے 15 ستمبر تک پاکستان کے دورے پر ہوں گے، وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، میں اور اقراء خالد بھی ان کے ساتھ پاکستان جا رہے ہیں۔
Comments are closed.