جمعرات 17؍رجب المرجب 1444ھ9؍فروری 2023ء

سیلاب متاثرہ کسانوں کو گندم کے بیج دیں گے، صوبائی مشیر زراعت منظور وسان

سندھ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو گندم کے بیج کی رقم رواں ماہ فروری کے آخر میں فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر زراعت منظور حسین وسان کی صدارت میں محکمہ زراعت کی نئی اور جاری زرعی اسکیموں کا جائزہ اجلاس سندھ سیکریٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکریٹری زراعت اعجاز مہیسر، کین کمشنر، کاٹن کمشنر، محکمہ کی تمام ونگز کے ڈی جیز ہدایت اللّٰہ چھجڑو، نور محمد بلوچ،ٹھارو مل،ندیم شاہ ڈویژنل ڈائریکٹرز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مشیر زراعت منظور وسان کو محکمہ زراعت کی جاری اور نئی زرعی اسکیموں پر بریفنگ اور سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو گندم کے بیج کی رقم کی ادائیگی کے پروگرام پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری زراعت اعجاز احمد مہیسر نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ زراعت کی تمام ونگز کی 28 میں سے 16 اسکیمز کا کام ہوچکا ہے، دیگر اسکیمیں بھی جلد از جلد مکمل کی جائیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن ہدایت اللّٰہ چھجڑو نے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو گندم کے بیج کی فی ایکڑ 5 ہزار روپے رواں ماہ کے فروری کے آخر میں فراہم کی جائے گی، گندم کے کاشتکاروں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقم فراہم کی جائے گی۔

مشیر زراعت منظور وسان نے اجلاس میں افسران کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تھر کے کاشتکاروں کو آگہی دینے کیلئے سیمینارز بلائے جائیں، سندھ میں جاری اور نئی تمام اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، کسی صورت میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.