وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں سیلاب سے متاثرہ بچی سے اجتماعی زیادتی کے معاملے پر کمشنر کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے رپورٹ دی جائے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر سماجی بہبود شہلا رضا کو بچی کو اپنی حفاظت میں لینےکی ہدایت کی ہے۔
دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کراچی ضلع جنوبی سے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ملزمان تک رسائی کے لیے متاثرہ بچی کا ڈی این اے کرا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں اسپتال ذرائع کے مطابق زیادتی کا واقعہ 2 روز پہلے کلفٹن بلاک 4 میں پیش آیا تھا، 8 سے 9 سال کے عمر کی بچی جناح اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس سرجن آفس کے مطابق مکمل طبی معائنہ میں بچی سے اجتماعی زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس سرجن آفس کا کہنا ہے کہ کراچی میں لگائے گئے سیلاب متاثرہ کیمپ میں بچی رہائش پذیر تھی۔
Comments are closed.