پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہی اور وطن عزیز میں اپنے بہن بھائیوں کی امداد کے لیے امدادی مہم کے سلسلے میں سفارت خانہ پاکستان برسلز میں آج پاکستانی کمیونٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کےلیے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے شرکاء کو سیلاب کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سیلابی صورتحال 2010 میں آنے والے سیلاب سے بھی شدید ترین ہے اور خطرناک بات یہ ہے کہ تباہی کا یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔
اس دوران سفیر پاکستان نے حکومت کی جانب سے اس سیلاب میں ہلاک و زخمی اور بے گھر ہونے والے افراد کے اعداد و شمار پیش کیے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں اب تک 1000 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ جسے سن کر تمام شرکاء رنجیدہ ہوئے۔
اس کے ساتھ ہی سیلاب کے ذریعے فصلوں کو پہنچنے والے موجودہ نقصان اور ان فصلوں کی تباہی کے آئندہ نقصانات کا بھی ذکر ہوا۔
سفیر پاکستان نے شرکاء کو مزید آگاہ کیا کہ ابتدائی جائزوں کے مطابق ہزاروں کلومیٹر سڑکیں، ریلوے لائن، مختلف جگہوں کے رابطہ پل اور ساڑھے 9 لاکھ کے قریب مکانات تباہ ہو چکے ہیں، 30 ملین سے زیادہ افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ملک میں موجود اور امداد کےلیے متحرک اداروں کے کام پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پوری کوشش جاری ہے کہ سخت ضرورت کے سامان کے ساتھ پھنسے ہوئے لوگوں تک پہنچا جائے۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر زندگیاں بچانے اور ساتھی پاکستانیوں کی مدد کیلئے متحرک ہوں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے سفارتی سطح پر کی جانے والی کوششوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین کی جانب سے سیلاب متاثرین کےلیے ابتدائی امداد کا اعلان ہوچکا ہے جبکہ ان کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ادارہ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بیلجیئم کے حکام کے ساتھ بھی بات کی ہے۔
اس دوران شرکاء میں موجود غلام ربانی بابو نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ کمیونٹی پہلے ہی سے متحرک ہے اور دوستوں نے مل کر اب تک 15000 یورو کی رقم جمع کر لی ہے، جسے مختلف ذرائع سے مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔
اس موقع پر سیلاب زدگان کےلیے حبیب بینک برسلز میں اکاؤنٹ کھولنے اور مزید امداد اکٹھی کرنے کے مختلف طریقوں پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے مصیبت میں پھنسے ہوئے بہن بھائیوں کی امداد کےلیے ہر ممکن کوشش بروئے کار لائیں گے۔
اس اجلاس میں کمیونٹی کی جن چنیدہ شخصیات نے شرکت کی ان میں شیخ طاہر، رانا جاوید کوثر، کونسلر عامر نعیم، کونسلر ناصر چوہدری، اکمل خان، عمران ریاض، محمود جوئیہ، چوہدری نصیر، پرویز ملک، رانا بلال سرور، شفیق ناز و دیگر کے علاوہ سفارت خانے کے تمام افسران بھی موجود تھے۔
Comments are closed.