سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ کو ناساز طبیعت کے باعث کراچی کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ترجمان خواجہ نوید کے مطابق سید زین شاہ کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، طبی امداد کے بعد انہیں واپس گھر منتقل کردیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق گھر منتقل ہونے کے بعد سید زین شاہ کی پھر سے طبیعت بگڑنے لگی جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں کراچی منتقل کیا گیا۔
خواجہ نوید کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین کے مطابق سید زین شاہ کو سانس لینے میں دشواری ہے اور نمونیہ کا اثر لگ رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق سید زین شاہ کی طبیعت ناسازی کا سن کر کارکنوں اور قیادت میں بےچینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خواجہ نوید کے مطابق سید زین شاہ نے لانگ مارچ کی قیادت پارٹی کے نائب صدر روشن برڑو کو سونپ دی ہے۔
دوسری جانب سندھ بچاؤ پیدل مارچ کے شرکا اور سندھ کی عوام کے لیے سید زین شاہ کا پیغام جاری کردیا گیا۔
سید زین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بچاؤ پیدل مارچ کو اپنی منزل کی طرف رواں دواں رکھیں، بہت جلد آپ کے درمیان ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم، پارٹی، کارکنان اور قیادت کو کسی بھی صورت میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
سید زین شاہ نے کہا کہ جس جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ مارچ شروع کیا تھا وہ جنون اور لگن جاری رکھی جائے۔
Comments are closed.