پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 470 ارب کا ذکر کرکے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جارہی ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت گزشتہ 7، 8 ماہ کے دوران خیبر پختونخوا حکومت سے گیم کھیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا کے فنڈز روکے، صوبائی حکومت کے پاس تو تنخواہ کے پیسے نہیں تھے۔
سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وفاق میں جب تحریک انصاف کی حکومت تھی خیبر پختونخوا کو فنڈز ملتے رہے، آج یہ مگرمچھ کے آنسو بہانے پشاور آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے آج اجلاس کیا، پوچھتا ہوں انہوں نے صوبے کے لیے کیا اعلان کیا؟ کیا یہ بتاسکتے ہیں کہ فاٹا کے فندز میں کیوں کٹوتی کی؟
شوکت یوسفزئی نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور میں کبھی دو نمبر بلٹ پروف جیکٹ یا گولیاں نہیں خریدی گئیں، ان کے دور میں ایسی خریداری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کوئی ایسی دعوت نہیں دی تھی کہ عمران خان شرکت کرتے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ پوچھتے ہیں 470 ارب روپے کہاں چلے گئے؟ اب تو آپ کی حکومت ہے پتا کریں، اربوں کی رقم کا ذکر کرکے یہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.